منگلورو:10؍فروری (ایس اؤ نیوز)ضلعی محکمہ صحت اور فلاح بہبودی کے ذریعے کئے گئے ایک آڈیٹ کےمطابق دکشن کنڑا ضلع میں صحت عامہ سے تعلق رکھنے والے 207فرنٹ لائن ورکرس کووڈ-19سے متاثر پائے گئے ہیں۔انگریزی اخبار ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ریاست میں وبائی مرض کورونا وائرس کے شروعات سے لے کر اب تک ضلع دکشن کنڑا میں صحت عامہ محکمہ کا207عملہ وائرس سے متاثر ہواہےان میں گروپ ڈی کے ملازم سمیت ایک ڈاکٹر موت کا بھی شکار ہوا ہے۔
اخبار نے آڈیٹ کا حوالے دیتے ہوئے بتایا ہے کہ وائرس سے متاثرہ 207عملے میں سے مختلف سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالوں کے 49نرسس بھی شامل ہیں۔ یہ سب کورونا وائرس کےمریضوں کا علاج کرنےکے دوران مثا ثر ہوئے تھے۔21سرکاری ڈاکٹر سمیت کل 33ڈاکٹرس کی رپورٹ کورونا پوزیٹیو تھی جس میں ضلعی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر رام چندر بیاری بھی شامل تھے جس کی بنا پر انہیں شفایابی کےلئے خود کو آئسولیشن میں رہنا پڑا تھا۔ اس کے علاوہ 32جونئیر خاتون ہیلتھ اسسٹنٹ اور 30گروپ ڈی کا عملہ کورونا سے متاثر ہوا تھا۔ اس کے ساتھ ساتھ 20لیب ٹیکنشن ، 11آشا کارکنان ، 7فارماسسٹ، 5ڈرائیور ،4سنئیر خاتون ہیلتھ اسسٹنٹ، 3 فرسٹ گریڈ اسسٹنٹ ، 2استقبالیہ کا عملہ ،پرائیویٹ اسپتال کے 2مینجروغیرہ متاثرین میں شامل ہیں۔
خیال رہے کہ 22مارچ 2020کودبئی سے مینگلور ائرپورٹ اُترنے والا بھٹکل سے تعلق رکھنے والا 22سالہ مسافرضلع دکشن کنڑا کا پہلا کورونا مریض تھا۔ اس کے بعد دبئی اور خلیج سے آنے والے دیگر لوگ بھی کورونا سے متاثر پائے گئے تھے، جب مہاراشٹرا سے کرناٹک کے لئے سرحد کو اوپن کیا گیا تو کورونا مریضوں کی تعداد میں بے تحاشہ اضافہ دیکھا گیا۔ یاد رہے کہ ستمبر کے مہینے میں کورونا وائرس کافی پھیل گیا تھا جس کے نتیجے میں کئی لوگ متاثر ہوئے تھے۔